پول سی ۔جونگ کی کتابیں پڑھنے کے وسیلہ سے میں زندگی کی اصل حقیقت کو جان چکا ہوں۔
بہت پہلے، جب میں اپنے حالات کی وجہ سے بہت پریشان تھا۔ زندگی کی تلخیوں نے میرا اس دنیا میں زندہ رہنا محال بنا دیا تھا۔ میرے والد کو فالج ہو گیا اور وہ کئی سال بیماری میں گزارنے کے بعد انتقال کر گئے۔ میں اپنے آبائی گھر کو فروحت کرنے کے باوجود بھی اپنا باپ کا قرض نہیں اُتار سکا۔ میں نے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دی اور اپنی ماں اور دو چھوٹے بھائیوں کا پیٹ پالنے کے لیے کام کرنا شروع کردیا۔ میری زندگی میں کئی پریشانیاں تھیں۔ میں اپنے مستقبل کے بارے میں بہت پریشان تھا۔ میرے والد خدا پر ایمان رکھنے والے انسان تھے۔ وہ غریبوں میں خوراک تقسیم کیا کرتے، باقاعدگی سے دہ یکی دیتے، پاسٹروں کی عزت کرتے، اور یہاں تک میرے والد نے ہمارے آبائی گھر کی آدھی زمین چرچ کے نام وقف کردی۔ میرے باپ کی وفات کے بعد، میں بھی بالکل اُن کے نقش قدم پر چلا ۔ میں نے تنگی میں بھی دہ یکی دی اور چرچ کے ہر کام میں پیش پیش تھا۔ لیکن یہ سب کچھ کرنے کے باوجود بھی میں پرسکون نہیں تھا اور سچائی سے واقف نہیں تھا ۔ لہٰذا، میں نے خود کشی کرنے کا ارادہ بنایا۔میں نےخود کشی کرنے کا کوئی آسان طریقہ انٹرنیٹ پر تلاش کیا۔میری مسلسل تلاش کے دوران ، اچانک مجھے دی نیو لائف مشن کی ویب سائٹ ملی۔
اور میں نے وہاں ہماری پہلی کتاب ” کیا آپ واقعی پانی اور روح سے اَز سرِ نَو پیدا ہوئےہیں؟“ دیکھی اور مجھے پتا چلا کہ یہ مفت ہے ۔ اس لیے میں نے خودکشی کرنے سے پہلے اس کتاب کو پڑھنے کا ارادہ کیا۔یہ 2017 کی بات ہے جب میں پانی اور روح کی خوشخبری کے وسیلہ سے نئے سرے سے پیدا ہوا۔ میں جان گیاکہ میرے حالات نے خُدا تک پہنچنے میں میری رہنمائی کی ہے ۔ بالکل جیسا کہ ،”ہم کو معلُوم ہے کہ سب چِیزیں مِل کر خُدا سے مُحبّت رکھنے والوں کے لِئے بھلائی پَیدا کرتی ہیں یعنی اُن کے لِئے جو خُدا کے اِرادہ کے مُوافِق بُلائے گئے “(رومیوں ۸: ۲۸)۔
لہٰذا، میرا یہ ایمان ہے کہ بنی نوع انسان گناہ میں پیدا ہوئے اور ہر وقت گناہ کرنا جاری رکھتے ہیں۔ لیکن خُدا نے ہم سے ایسی محبت رکھی کہ اُس نے اپنے اکلوتے بیٹے کو اس دنیا میں بھیجا ، وہ مجسم ہوا، کنواری مریم سے پیدا ہوا، اُس نے دریائے یردن پریوحنا اصطباغی سے بپتسمہ لے کر بنی نوع انسان کے تمام گناہوں کو اٹھا لیا، وہ ہمارے گناہوں کو صلیب پر لے گیا اور اپنا خون بہا کر ہمارے تمام تر(ماضی ،حال،مستقبل)گناہوں کی قیمت ادا کر دی۔ اب میں گناہ کے بغیر خدا کا راستباز بیٹا ہوں اور مجھے روح القدس انعام میں ملا ہے۔ جیساکہ کلام مقدس فرماتا ہے کہ ، ” تَوبہ کرو اور تُم میں سے ہر ایک اپنے گُناہوں کی مُعافی کے لِئے یِسُوعؔ مسِیح کے نام پر بپتِسمہ لے تو تُم رُوحُ القُدس اِنعام میں پاؤ گے “ (اعمال ۲: ۳۸)۔
چونکہ اب رُوح القدس میرے دل میں سکونت کرتا ہے۔ میں پانی اور رُوح کی خوشخبری کو تمام گنہگاروں تک پھیلانے کا درد رکھتا ہوں۔ میں تمام روحوں کا مقروض ہوں۔میری زندگی تمام گنہگاروں کو خُدا کی راستبازی کے بارے میں بتانے کے لیے وقف ہے جو دریائے یردن پر پوری ہوئی تھی۔ جب میں خوشخبری کی خدمت نہیں کرتا تو میں بہت اداس ہو جاتا ہوں، میرا دل غم سے بھر جاتا ہے، میں ٹوٹنے لگتا ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب روح القدس جو میرے اندر سکونت کرتا ہے اداس ہوتا ہے تو میں بھی اداس ہو جاتا ہوں ، لیکن جب رُوح القدس خوش ہوتا ہے تو میں بھی خوش ہوتا ہوں۔
میرے بھائیو، صرف نئے سرے سے پیدا ہونا ہی سب کچھ نہیں ہے۔ اصل زندگی تو نئے سرے سے پیدا ہونے کے بعد شروع ہوتی ہے۔ ہمیں نئے سرے سے پیدا ہونے کے بعد اپنی کلیسیا کے ساتھ رفاقت رکھنی چاہیے۔ ہمیں ریورنڈ پول سی جونگ کی کتابوں کو پڑھنا جاری رکھنا چاہیےتاکہ ہمارا ایمان اور زیادہ مضبوط ہو جائے۔ہمیں اپنی کلیسیا کے لیے ، کارکنوں کے لیے اور تمام ایماندار بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہر روز دعا کرنی چاہیے۔ہمیں اپنی کلیسیا کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ ہمیں اپنی کلیسیا کے ہر نصحیت کو تابعداری کے ساتھ ماننا چاہیے، چاہے یہ ہمارے سوچ کے برعکس ہی کیوں نہ ہو۔ ہمیں جسمانی خواہشات کو ترک کر کے رُوح کے موافق چلنا چاہیے۔تب ہی ہم ایک کامل ایمان کی زندگی بسر کر سکتے ہیں۔ اور خُداوند کہ اس حکم کی تعمیل کر سکتے ہیں، ”پس تُم جا کر سب قَوموں کو شاگِرد بناؤ اور اُن کو باپ اور بیٹے اور رُوحُ القُدس کے نام سے بپتِسمہ دو “(متی ۲۸:۱۹)۔
دی نیو لائف مشن کا ساتھی کارکن
مون سہوترا
پاکستان